پشاور، یکم اکتوبر(اے پی پی): پشاور میں برادر ہمسایہ ملک چین کے71 ویں قومی دن کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ محمود خان مہمان خصوصی تھے۔تقریب کا انعقاد پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو نے کیا،سیکرٹری اطلاعات ارشد خان اورکمانڈنٹ فرنٹئیر کانسٹیبلری معظم جاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ کو چائنہ ونڈو کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور انہیں بتایا گیا کہ چائنہ ونڈو کے قیام کا بنیادی مقصد برادر ہمسایہ ملک چین کے بارے میں آگہی فراہم کرنا اور دوستی کے رشتے مضبوط کرنا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ محمود خان نے چینی حکومت اور عوام کو چین کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چین ہمارا ہمسایہ اور دوست ملک ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان نے بھی ہمیشہ چین کا بھرپور ساتھ دیا اور یہی وجہ ہے کہ دونوں ملکوں کی دوستی دنیا بھر میں اپنی مثال ہے۔
وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری سی پیک کی تعمیر ہماری لازوال دوستی کی مثال ہے۔خیبر پختون خوا میں سی پیک کے چھ بڑے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔رشکئی اکنامک زون کا زکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سے پچاس ہزار افراد کو براہ راست اور ڈیڈھ لاکھ افراد کو بالواسطہ روزگار ملے گا اور خیبرپختون خوا میں معاشی و اقتصادی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔
وزیر اعلیٰ محمود خان نے چین کے یوم آزادی کے موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔











