وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں معاشی سفارت کاری کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کا انعقاد

104

 اسلام آباد ،01 اکتوبر (اے پی پی ):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں معاشی سفارت کاری کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کا انعقاد ہوا۔اجلاس میں مختلف ممالک میں قائم تیس پاکستانی سفارتخانوں کے سفراء  بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔

 مخدوم شاہ محمود قریشی   نے  کہا کہ ہمیں اپنی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے دیگر ممالک کے ساتھ  اپنی تجارت اور ایکسپورٹ کے حجم کو بڑھانا ہو گا ،ہم نے وزیراعظم عمران خان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے اور عالمی سطح پر پاکستان کے معاشی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے “معاشی سفارت کاری” کا عملی طور پر آغاز کیا ،مجھے خوشی ہے کہ ہمارے سفارت خانے معاشی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے  معاشی تعاون اور دو طرفہ تجارت کے فروغ کے نئے مواقع تلاش کرنے کیلئے اپنی توانائیاں صرف کر رہے ہیں اور اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں ،پاکستان اور افریقہ کے مابین معاشی و تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے ہم نے گذشتہ سال،وزارتِ تجارت کے ساتھ ملکر، وزارتِ خارجہ میں “انگیج افریقہ” کانفرنس کا انعقاد کیا ،اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے ہم نے وزارت تجارت کے تعاون سے 30 اور 31 جنوری 2020 کو نیروبی میں “پہلی پاک افریقہ ٹریڈ ڈویلمنٹ کانفرنس” کا کامیابی سے انعقاد کیا ،

کنیکٹ ایف ایم پروگرام کے تحت میں نے پرائیویٹ سیکٹر سے وابستہ ملک کے صف _اول کے کاروباری حضرات کو وزارت خارجہ میں مدعو کیا اور ان کے ساتھ معاشی سفارت کاری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ ء خیال کیا اور  ان کی طرف سے سامنے آنے والی تجاویز کو اپنے سفارت کاروں تک پہنچایا ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے  مزید کہا کہ کرونا عالمی وبائی صورتحال کے باعث، معاشی مضمرات کو کم کرنے اور معاشی استحکام کے حصول کیلئے ہمیں مزید محنت درکار ہوگی ۔وزیر خارجہ نے معاشی سفارت کاری کے حوالے سے طے کردہ اہداف کے حصول کیلئے سفراء کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔اجلاس میں یورپ، امریکہ، افریقہ ، جنوب مشرقی ایشیا، وسط ایشیائی ممالک اور چین میں تعینات پاکستانی سفراء نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔