ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کا  اراضی ریکارڈ سنٹر میں ٹاوٹ مافیا بارے شکایات پر سخت برہمی کا اظہار

90

ملتان، 02اکتوبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے اراضی ریکارڈ سنٹر میں ٹاوٹ مافیا بارے شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر آئندہ ایسی شکایات موصول ہوئیں تو ملوث افسران اور اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کردیا جائے گا۔

ان   خیالات کا اظہار   انہوں نے تحصیل سٹی اور صدر کے اراضی ریکارڈ سنٹر کے اچانک دورے کے موقع پر کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اگر کسی شہری کی طرف رشوت لینے کی تحریری شکایت موصول ہوئی تو سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام اہلکار اپنی اصلاح کرلیں اور دیانتداری سے اپنے فرائض کی ادائیگی کریں۔

عامر خٹک نے  شہریوں کو فرد اور دیگر دستاویزات کی فراہمی میں سستی  برتنے اور سائلین کو قطاروں میں کھڑا کرکے طویل انتظار کے کرب سے دوچار کرنے پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ شہریوں کو طویل انتظار سے نجات دلانے اور سروس ڈیلیوری تیز کرنے کے لئے طریقہ  کار  بنایا جائے،مزید کاونٹر قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے اور اہلکار تعینات کئے جائیں۔

انہوں نے  اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ اراضی ریکارڈ سنٹر کے معاملات کو سٹریم لائن کرنے کے لئے مراکز کا مسلسل دورہ  کیا جائے۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر میں سروس ڈیلیوری کو چیک کیا،زیر التواء رجسٹریوں کی پڑتال کی اور اراضی ریکارڈ سنٹر آنیوالے شہریوں سے گفتگو کی اور انکے مسائل دریافت کئے۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی عابدہ فرید اور اسسٹنٹ کمشنر صدر آبگینے خان بھی اس موقع پر موجود تھیں۔