ملتان ،03 اکتوبر(اے پی پی ):سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور کام کی رفتار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،عوام کو فراہمی و نکاسی آب جیسی بنیادی سہولیات کی ان کی دہلیز پر فراہمی اولین ترجیح ہے، منصوبوں کی بروقت تکمیل میں رکاوٹ بننے اور فنڈز لیپس کے ذمدار افسران کے خلاف کارروائی ہوگی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولپور دورہ کے موقع پر ڈویژن بھر کے منصوبوں کی کارکردگی کا جائزہ،واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری سمیت مختلف مقامات پر ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ سپرینٹنڈنگ انجینئر سمیت بہاولپور،رحیم یارخان،بہاولنگرکے ایکسیئن بھی موقع پر تھے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب کو ڈویژن بھر میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے زیرانتظام جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جس پر انہوں نے تمام افسران کو عوام کے چھوٹے سے چھوٹے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی ۔
سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب لیاقت علی چٹھہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں جاری منصوبوں کی سائٹس کی انسپکشن کی فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں اور ان کے معیار کو چیک کیا اس دوران انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کو منصوبوں کی جلد تکمیل کروانے اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کے یونیسیف کے تعاون سے بہاولپور ڈویژن کے تینوں اضلاع میں پبلک ٹوائلٹس کی تعمیر کا منصوبہ عوام کی فلاح کا میگا پراجیکٹ ہے اس منصوبے کو جلد پایا تکمیل تک پہنچا کر عوام کو اس کے ثمرات سے مستفید کیا جائے گا، فیلڈ افسران منصوبوں کی باقاعدگی کے ساتھ مانیٹرنگ کرکے کوالٹی آف ورک کو یقینی بنائیں، پبلک ٹوائلٹس کی تعمیر میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ضلع کے کمیونٹی ڈویلپمنٹ آفیسر کو 50 ہزار روپے نقد انعام بھی دیا جائے گا ۔











