اسلام آباد06 اکتوبر (اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے یورپی یونین کی پاکستان میں تعینات سفیر اندورولہ کامنارہ نے منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے مابین پارلیمانی اور اقتصادی تعاون بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،پاکستان میں اقتصادی، صنعتی اور تجارتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت صنعتوں کے قیام سے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
اسپیکر اسد قیصر نے پاکستان کو جی ایس پی پلس کے تحت حاصل ہونے والی تجارتی رعایتوں میں یورپی یونین کا کردار کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک میں اقتصادی اورصنعتی شعبوں کی ترقی کے لیے سرمایہ کار دوست پالیسیاں وضع کی ہیں۔یورپی یونین کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے ملک کی اقتصادی ترقی میں شامل ہو سکتے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان تمام تنازعات کا مذاکرات کے ذریعے حل چاہتا ہے،پُرامن افعانستان پاکستان اور خطہ کے امن اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔پاکستان افعانستان میں قیام امن کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
یورپی یونین کی سفیر اندورولہ کامنارہ نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ ہے،پاکستان کے ساتھ تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہےہیں۔
یورپی یونین کی سفیر نے کہا کہ پارلیمانی تعاون بڑھانے کے لیے یورپی یونین کا مشن کردار ادا کرتا رہے گا،یورپی یونین پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی خصوصاً بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اپنا تعاون جاری رکھےگا۔











