ملتان ، 08 اکتوبر (اے پی پی ): ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ڈاکٹر ملک عابد محمود نے کہا ہے کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان نے مختلف چوکوں اور گرین بیلٹس پر موسمی پھولوں کی شجرکاری کا فیصلہ کیاہے۔چوکوں کی تزئین و آرائش کے لیے بھی نجی کمپنیوں کی جانب سے چوکوں اور گرین بیلٹس کا دورہ کر لیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈی جی پی ایچ اے نے مختلف چوکوں اور گرین بیلٹس کے دورہ کے موقع پر کیا جہاں چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ سمیت ڈائریکٹر ہارٹیکلچر چوہدری غلام نبی اور نجی کمپنی کے نمائندگان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
انہوں نے کہا کہ موسمی پھولوں کی سجاوٹ کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔شہر میں بڑی مقدار میں پھول سجائیں گے،دولت گیٹ چوک کے فوارے کو فعال کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں جبکہ دولت گیٹ چوک،9نمبر چوک اور دیگر چوکوں کی تزئین و آرائش جلد مکمل کر لیں گے۔
اس موقع پر چیئرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ کا کہنا تھا کہ شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے پر عزم ہیں، موسمی پھولوں کے موسم میں ملتان کی عوام کو چوکوں اور گرین بیلٹس پر خوبصورت نظارہ دیکھنے کو ملے گا۔











