پشاور، 9اکتوبر(اے پی پی): محکمہ خوراک نے سرکاری آٹے کو بلیک میں فروخت کرنے کی غرض سے آٹا ضلع مہمند سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
خفیہ اطلاع پر وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان نے محکمہ خوراک کے افسران کو کارروائی کی ہدایت کی جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ اور واجد علی نے مقامی پولیس کے ہمراہ چارسدہ روڈ پر ناکہ بندی کی اور سبسڈائز آٹے سے بھرے سوزوکی اور چنگ چی کو تحویل میں لے کر ملزم کو تھانہ داؤد زئی کے حوالے کردیا۔
راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا کو بتایا کہ مذکورہ ڈیلرز سرکاری آٹے کو پنجاب کے تھیلوں میں بند کر کے مہنگے داموں فروخت کرنے میں ملوث ہیں جن کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ خوراک کی جانب سے ہر ضلع کیلئے الگ الگ کوٹہ مختص ہے جبکہ ایک ضلع سے دوسرے ضلع کو آٹے کی منتقلی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو بلیک میں آٹا فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی جبکہ اس کے مرتکب افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی قانون کی آنکھ سے اوجھل نہیں جبکہ محکمہ خوراک کے افسران سرکاری آٹے کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔











