اسلام آباد،12اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دور حاضر کے چیلنجوں سے نمٹنے اور فرقہ واریت کی روک تھام کے لئے علمائے کرام اپنا کردار ادا کریں، عوام کو کرونا سے بچاؤ کے حوالے سے رہنمائی بھی فراہم کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والی معروف مذہبی شخصیات کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔ وزیرِ اعظم نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دورِ حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ معاشرے کی سماجی ، ثقافتی اور مذہبی اقدار کو اجاگر کیا جائے اور اس ضمن میں علمائے کرام کا کلیدی کردار ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ علمائے کرام نے ہمیشہ مشکل وقت میں حکومت اور قوم کی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ معاشرے میں اسلامی اقدار کو اجاگر کرنے، دور حاضر کے چیلنجوں سے نمٹنے اور فرقہ واریت کی روک تھام کے ضمن میں علمائے کرام اسی جذبے سے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ کورونا کے خلاف جنگ میں علمائے کرام اور مذہبی شخصیات حکومتی کوشش کا ساتھ جاری رکھیں گے اور عوام کو کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرتے رہیں گے۔
وفد میں وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری، پیر شمس الامین، پیر حبیب اللہ شاہ، پیر انور جنید شاہ اور پیرزادہ جنید امین شامل تھے۔











