ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی کا مختاراے شیخ ہسپتال کا دورہ،قوت سماعت سے محروم  بچوں سے ملاقات کی

386

 ملتان  12 اکتوبر (اے پی پی ):  منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے   پیر کو یہاں مختاراے شیخ ہسپتال کا دورہ  کیا  جہاں انہوں  نے پیدائشی طور پر قوت سماعت سے محروم  بچوں اور انکے والدین سے ملاقات کی، پیدائشی طور پر قوت سماعت سے محروم بچوں کو پاکستان بیت المال کی جانب سے آسٹریلیا سے درآمد شدہ کاکلئیر امپلانٹ لگوائے گئے ہیں۔

اس موقع پر ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے کہا کہ کاکلئیر امپلانٹ کے بعد یہ بچے کچھ عرصہ میں سننے اور بولنے کے قابل ہوسکیں گے۔ انہوں نے بتایا  کہ پاکستان بیت المال اور مختار اے شیخ ہسپتال کے مابین آج ایم او یو سائن کیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان بیت المال اس ہسپتال کو کاکلئیر امپلانٹ کے لیے خطیر فنڈز فراہم کرے گا ۔

عون عباس بپی نے مزید کہا کہ  جنوبی پنجاب کے ایسے غریب والدین جن کے بچے بولنے اور سننے کی صلاحیت سے محروم ہیں، انکا مفت کوکلیئر امپلانٹ کیا جا رہا ہے،کامیاب آپریشن کیے گئے ان بچوں سے مل کر آج دلی سکون محسوس ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے 150 سے زائد بچوں کا کاکلئیر امپلانٹ کیا جائے گا۔