احمدپورشرقیہ،14 اکتوبر (اے پی پی): کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے،غیر ضروری التواء سے منصوبوں کی لاگت میں اضافہ سے گریز کے لیے تمام تر ضروری اقدامات بروقت بروئے کار لائے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار کمشنر بہاول پور آصف اقبال چوہدری نے ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں ڈویژن بھر کے41 جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ محکمہ ہائی ویز رحیم یارخان کی نظرثانی شدہ2 اور بہاول نگر کی1سکیم کی منظوری دی گئی،پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی1سکیم، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی16اور چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی21 نظرثانی شدہ ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا گیا۔
ویڈیو لنک اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور مظفر خان سیال، ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان علی شہزاد، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر شعیب جدون،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس نوشین ملک سمیت متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔











