پنجاب کے سرکاری افسران اور ملازمین  کیجانب  سے  چیف منسٹر فنڈ برائے کوروناکنٹرول میں مزید رقم  عطیہ

348

لاہور، 14 اکتوبر(اے پی پی): پنجاب کے سرکاری افسران اور ملازمین کا کورونا متاثرین کیلئے جذبہ ایثار۔ سرکاری افسران اور ملازمین کی جانب سے 120کروڑ روپے کے چیک کے بعد چیف منسٹر فنڈ برائے کوروناکنٹرول میں مزید رقم کا چیک جمع کروایا گیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے چیف منسٹر فنڈز برائے کورونا کنٹرول کیلئے سیکرٹری خزانہ کی موجودگی میں وزیراعلی پنجاب کو چیک پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا سرکاری ملازمین نے متاثرین کی مدد کیلئے ایثار کی اعلی مثال قائم کی ہے، مشکل کی اس گھڑی میں دکھی انسانیت کیلئے جذبہ خیر سے حوصلے بڑھتے ہیں، دین اسلام بھی آزمائش میں متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کا درس دیتا ہے، کورونا وباء سے کمزور طبقہ زیادہ متاثر ہوا،فنڈ میں عطیہ کی جانیوالی رقم کودیانتداری کے ساتھ متاثرین تک پہنچایا۔

عثمان بزدار نے مزید کہا پاکستانی قوم نے کورونا سمیت ہر چیلنج کا بہادری سے مقابلہ کیاہے، مشکل وقت میں پاکستانی قوم ہمیشہ سرخرو رہی ہے، کورونا کی دوسری لہر کو روکنے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد بے حد ضروری ہے، سماجی فاصلے برقرار رکھنے کی پالیسی پر عمل کرنے میں ہی تحفظ اور حفاظت ہے، عوام سے پھر اپیل ہے کہ وہ پرہجوم مقامات پرجانے سے گریز کریں اورحکومتی ہدایات پر من وعن عمل کریں۔