عوام الناس کی سہولت کیلئے حکومت پنجاب نے تمام اضلاع میں سہولت بازار قائم کئے ہیں؛ صوبائی وزیر چودھری محمد اخلاق

67

سیالکوٹ، 20 اکتوبر( اے پی پی): صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب چودھری محمد اخلاق نے کہا ہے کہ عوام الناس کی سہولت کیلئے حکومت پنجاب نے تمام اضلاع میں سہولت بازار قائم کئے ہیں جہاں پر عوام الناس کو تمام ضروریات زندگی کے اشیائے آٹا، چینی سمیت ارزاں اور کنٹرول ریٹ پر دستیاب ہونگی جن کے معیار اور مقدار کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔

یہ بات انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام جناح اسٹیڈیم فلائی اوور کے نیچے قائم کئے گئے سہولت بازار کے دورہ کے بعد میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ سہولت بازاروں میں قائم اشیائے خوردو نوش کے اسٹالز مقامی تاجروں کو بغیر کسی معاوضے کے فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سہولت بازار میں اشیائے کے معیار اور مقدار کو یقینی بنایا جارہا ہے اور اپوزیشن کے جانب سے کی گئی مصنوعی مہنگائی کے جن کو جلد قابو میں کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف حکومت نے ایکشن لینے کے فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سلیمان اکبر ، جنرل سیکرٹری مرکزی انجمن تاجراں شیخ جاوید حیدر کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے مقامی عہدیداران بھی ان کے ہمراہ تھے۔