ملتان، 20اکتوبر)اے پی پی ):ڈپٹی کمشنرعامر خٹک نے ای خدمت مرکز کو مزید فعال بنانے کےعزم کا اظہار کرتے ہو ئے شہریوں کی سہولت کے لئے میٹرو بس فیڈر سروس خدمت مرکز تک چلانے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے شہریوں کو گھر کی دہلیز پر دستاویزات کی فراہمی کے لیے کورئیر سروس کا بھی اجراء کر دیا ہے۔
ان اقدامات کا اعلان انہوں نے خدمت مرکز متی تل میں اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنرعامر خٹک نے کہا کہ کورئیر سروس سے اب سائلین کو ان کی دستاویزات انکے گھروں پر ہی فراہم کی جائیں گی،خدمت مرکز میں سہولیات کی فراہمی کے لیےتمام محکمے اپنے فوکل پرسنز فوری نامزد کریں،خدمت مرکز میں اب نادرا کا سٹاف بھی موجود ہوگا۔
ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار بہت جلد اس جدید خدمت مرکز کا باضابطہ افتتاح کریں گے،انہوں نے کہا کہ شہری کو ایک کام کے لیے دوبارہ خدمت مرکز کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے خدمت مرکز میں ویسٹ بن لگانے اور صفائی ستھرائی کے لئے ایم ڈبلیو ایم سی ورکرز تعینات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ منفرد سہولیات کے حامل خدمت مرکز کے حوالے سے شہریوں کو آگاہی دی جائے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے خدمت سنٹر آنے والے سائیلین سے بھی گفتگو کی، ایک چھت تلے78 سروسز کی فراہمی پر شہریوں نے حکومت پنجاب اور ڈپٹی کمشنر کو خراج تحسین پیش کیا۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے ایک سائل کو دستاویزات دے کر کورئیر سروس کا افتتاح کیا۔
اجلاس میں سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عبدالطیف خان،ایس پی گلگشت،آفیسر میونسپل کارپوریشن غلام فرید،منیجر آپریشنز داود مکی،نادرا، پوسٹ آفس،میٹرو بس سروس اور محکمہ بلڈنگ کے افسران بھی موجود تھے۔











