لاہور،23 اکتوبر (اے پی پی ): چیف سیکرٹری پنجاب ملک جواد رفیق کی زیر صدارت پرائس کنٹرول اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے جمعہ کو یہاں اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری نے زرعی اجناس کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے پامرا ایکٹ کے رولز جلد منظور کرانے کی ہدایت دی۔ سبزیوں کے نرخوں میں فوری کمی سے متعلق سفارشات تیار کرنے کیلئے سیکرٹری صنعت کی سربراہی میں آٹھ رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے ،کمیٹی اراکین میں سپیشل،سیکرٹری ایگریکلچر مارکیٹنگ، تین ڈویژنل کمشنرز اور تین ڈپٹی کمشنرز شامل ہیں۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ مختلف شہروں میں سبزیوں کے نرخوں میں فرق کی بنیادی وجہ منڈیوں میں نیلامی کا فرسودہ نظام ہے۔
صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے منڈیوں سے آڑھتی اور کمیشن ایجنٹ کی اجارہ داری ختم کرنا ہوگی۔کاشتکاروں کی زرعی اجناس کی صارفین کو براہ راست فروخت سے مڈل مین کے کردار کو محدود کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کین کمشنر پنجاب کو سہولت بازاروں میں چینی کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا۔سہولت بازاروں کی جیو ٹیگنگ سے متعلق بھی ہدایات جاری کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی سے بڑی کوئی خدمت نہیں- افسران اپنے فرائض دباؤ قبول کئے بغیر محنت اور ایمانداری سے انجام دیں۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ جو ڈپٹی کمشنر دباؤبرداشت نہیں کر سکتا، اسے عہدے پر رہنے کا حق نہیں ہے۔











