ملتان،24
اکتوبر(اے پی پی ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان نے کہا ہے کہ نئی نسل کو پولیو سے محفوظ رکھنا ہمارا مشن ہے ، پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلا کر ہم انہیں مستقل معذوری سے بچا سکتے ہیں ، اس فلاحی کام میں ہر شہری کو محکمہ صحت کا ساتھ دینا چاہیے ۔ہم انسداد پولیو اور بچوں کو صحت مند مستقبل دینے کے لئے اپنے بھر پور وسائل استعمال میں لارہے ہیں ۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار رضا ہال ملتان میں ورلڈ پولیو ڈے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار اور 26سے 31اکتوبر تک جاری رہنے والی پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد طیب خان نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں انسداد پولیو کے ایس او پیز تیار کئے ہیں جن پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جارہاہے ساتھ ہی پولیو مہم کی باقاعدہ مانیٹرنگ بھی کی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل اور اثاثہ ہیں ،انہیں پولیو کے قطرے پلانے میں ہمارے ہیلتھ ورکرز اور سٹاف کا کردار بہت اہم ہے ، وہ اپنی بھر پور جدوجہد کے ساتھ انہیں پولیو کے قطرے پلا کر اپنا فرض ادا کررہے ہیں جس پر میں انہیں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مبارکباد دیتا ہوں ۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پولیو کے سٹاف کی کاوشوں سے ملتان پولیو فری ضلع ہے ۔ہماری کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے رہ نہ جائے ، انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں کیونکہ صحت مند بچے ہمارا مستقبل ہیں ۔
ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد فاروق نے کہا کہ ہمیں اور ہمارے تمام طبقات کو اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ ہم اپنے بچوں کو معذوری سے بچانے کے لئے پولیو کے قطرے پلائیں گے اور اس سلسلے میں ہر شہری ہمارا ساتھ دے تو ہم اپنے نیک مقصد میں کامیاب ہوسکتے ہیں ۔
سیمینار میں ڈی ایچ او ڈاکٹر علی مہدی ، ایم ایس شہباز شریف ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈاکٹر راﺅ امجد علی ، یو سی ایم اوز اور ورکرز سٹاف نے شرکت کی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد طیب خان نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر 26سے 31اکتوبر تک جاری رہنے والی پولیو مہم کا افتتاح بھی کیا ۔
بعدازاں گزشتہ پولیو مہم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہیلتھ سٹاف میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں ۔











