ملتان، 24اکتوبر(اے پی پی ):وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹراختر ملک نے کہا ہےکہ ضلع ملتان میں سہولت بازاروں کی تعداد برھا کر11 کر دی گئی ہے ،اشیائے ضروریہ کی مقررہ کردہ قیمتوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،انہوں نے سہولت بازاروں میں آٹے کے تھیلوں کی سپلائی300 سے بڑھا کر500 بیگ کرنے کی بھی ہدایت کی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی زیرصدارت پرائس کنٹرول کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیف وہپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر،معاون خصوصی جاوید اختر انصاری،پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی،خالد جاوید وڑائچ، عمران شوکت،عزیز رسول سندیلہ،شاہد مظفر،ایدیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان،اسسٹنٹ کمشنرز، ضلع کے تمام پرائس مجسٹریٹس بھی اجلاس میں موجود تھے۔
وزیر توانائی ڈاکٹر اخترملک نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس کے مارکیٹ دوروں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے گا،پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ہر ہفتے منعقد ہو گا،انہوں نے کہا کہ جس پرائس مجسٹریٹس کے ہفتہ میں مارکیٹ کے 150 سے کم دورہ ہونگے اسے شو کاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔
ڈاکٹراختر ملک نے کہا کہ حکومت 29 لاکھ ٹن گندم درآمد کررہی ہے جب کہ چینی کی قیمتیں مزید کم ہونگی،انتظامیہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی کریک ڈاون کرے، پرائس کنٹرول اور ذخیرہ اندوزوں کے سلسلے میں ٹائیگر فورس کی خدمات حاصل کی جائیں۔
ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی کا چیلنج درپیش ہے،حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ مہنگائی کو کنٹرول کیا جائے،گرانفروشی کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، پرائس مجسٹریٹس مارکیٹوں میں حکومت کی رٹ قائم کریں۔
پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کنٹرول کرنے کے لئے پوری کوشش کررہی ہے،حکومت کی کوششوں کے جلد مثبت اثرات مرتب ہونگے،پرائس مجسٹریٹ کی مانیٹرنگ کا میکانزم سخت کرنے کی ضرورت ہے۔
معاون خصوصی جاوید اختر انصاری نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کی من مانیاں اب نہیں چلنے دیں گے ان پر سخت ہاتھ ڈالا جائے گا۔خالد جاوید وڑائچ نے کہا کی مہنگائی موجودہ حکومت کے لئے سب سے بڑا ایشو ہے۔عزیز رسول سندھیلہ نے کہا کہ آٹے اور چینی کا بحران مافیا نے پیدا کر رکھا ہے جسے کنٹرول کرنا ضروری ہے۔











