جشن عیدمیلادالنبی ﷺ  کی آمد،ملک بھر  کی طرح عارفوالا  کے  بازاروں میں اسٹالز لگ گئے

88

عارف والا،27 اکتوبر (اے پی پی ): جشن عیدمیلادالنبی ﷺ مذہبی جوش و خروش اورعقیدت واحترام کے ساتھ منانے کیلئے ملک بھر کی طرح عارفوالا  کے   بازاروں میں اسٹالز لگ گئے ،عقیدت مندعاشقان رسول ﷺ نے گھروں اور گلیوں کو سجانے کیلئے خریداری شروع کردی ہے۔

گنبد خضریٰ اور بیت اللہ شریف کے رنگ برنگی برقی قمقموں والے ماڈلز بورڈز، بینرز اورسبز پرچموں نے اسٹالز کو چارچاند لگادئیے ہیں۔گلیوں،بازاروں اور گھروں کو خوبصورت بنانے کیلئے شہری سجاوٹی سامان خریدنے میں مصروف ہیں۔

 اسٹالز مالکان کا کہنا ہے کہ عاشقان رسول ﷺ سرکاردوعالم ؐ کی دنیا میں تشریف آوری کی خوشی کو منانے کیلئے اپنے گھروں اور گلیوں کو رنگ برنگی جھنڈیوں اور سبز پرچموں سے سجانے کیلئے خریداری کرتے ہیں، سارا سال ماہ ربیع الاول کی آمد کا انتظار رہتا ہے۔

 شہریوں کا کہنا کہ نبی آخرالزمان حضرت محمد عربی ﷺ کی ولادت باسعادت کو منانے کیلئے اسٹالز کا رخ کرتے ہوئے نعلین پاک والے بیجز، جھنڈیاں اور پرچم خریدرہے ہیں تاکہ سرکار دوعالم ﷺ کی ولادت کا جشن ہم بڑی دھوم دھام سے مناکر عقیدت کا اظہار کرسکیں۔