پشین: کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی کا انعقاد

68

پشین ، 27 اکتوبر (اے پی پی ): پشین میں مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے ڈی سی کمپلیکس سے  ڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری  کی قیادت میں ایک  بڑی ریلی نکالی گئی ، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اٹھارکھے تھے جس پر کشمیر بنے گا پاکستان ،کشمیر پاکستان کی شہ رگ کے نعرے درج تھے۔

ریلی شہر کے مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی ڈی سی کمپلیکس میں اختتام پذیر ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر  قائم لاشاری ،ایپکا صدر محمد رسول وفا کاکڑ  نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر بے شمار ظلم و ستم ڈھائے ،پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہیں، ہمارا دل کشمیری بھائیوں کیساتھ دھڑکتا ہے۔ ا نہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر بربریت کیخلاف پوری قوم سڑکوں پر نکل آئی ہے۔ بھارتی افواج کشمیریوں کا بے دریغ قتل عام کررہی ہے ۔ہزاروں کشمیری نوجوانوں نے اپنے مقدس لہو سے آزادی کی تحریک میں ایک نیا جوش و لولہ اور رنگ بھردیا ہے اور شہداء کے لہو سے روشن چراغوں کو کوئی نہیں بجھا سکے گا۔

 ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر امین اللہ ناصر ، اسسٹنٹ کمشنر پشین حضرت ولی کاکڑ ،ایپکا ضلئعی صدر محمد رسول وفا کاکڑ ،لیویز ،پولیس ،بی اینڈ آر اور دیگر محکموں کے آفسران اور ملازمین سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔