ملتان ؛ کوہ سلیمان کے کاشتکاروں میں نوے فیصدسبسڈی پر گندم کے بیج کی تقسیم کا افتتاح کردیا گیا

293

ملتان، 27 اکتوبر (اے پی پی ): سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کوہ سلیمان کے کاشتکاروں میں نوے فیصدسبسڈی پر گندم کے بیج کی تقسیم کا افتتاح کردیا گیا ہے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار کی ہدایت پر کوہ سلیمان کے کسانوں کو سبسڈی پر گندم کا تصدیق شدہ ،بیماریوں سے پاک بیج تقسیم کرنے کیلئے گورنمنٹ بوائزڈگری کالج تونسہ میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سالہاسال چلنے والے گندم کے پرانے بیج کی نئی سفارش کردہ اقسام سے تبدیلی وزیر اعلیٰ پنجاب کا کوہ سلیمان کے غریب کسانوں کیلئے ایک احسن اقدام ہے ۔ انہوں نے   کہا کہ  گندم کایہ بیج نوے  فیصد سبسڈی پر فراہم کیا جارہاہے جس سے کاشتکار فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے ساتھ زیادہ منافع بھی حاصل کرسکیں گے۔

سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ گندم ہماری بنیادی خوراک ہے لہٰذا غذائی ضروریات کو پورا کرنے اور گندم کی فصل کو زیادہ منافع بخش بنانے کیلئے اس کی پیداوار میں اضافہ وقت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے 12ارب 54 کروڑ روپے کا زرعی ایمرجنسی پروگرام جاری ہے جس کے تحت کاشتکاروں کورعائتی نرخوں پر گندم کاتصدیق شدہ اور بیماریوں سے پاک بیج فراہم کیا جارہا ہے۔اس منصوبہ پر عملدرآمد سے گندم کی اوسط پیداوار میں 7من فی ایکڑ کا اضافہ متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے محکمہ زراعت کے منظور شدہ بیج کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت کریں۔گندم کے کھیتوں کی وٹوں پر کینولہ یا سرسوں کاشت کریں تاکہ گندم کی فصل کو نقصان رساں کیڑوں کے حملہ سے بچایا جاسکے۔

اس موقع پرانہوں نے فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ گندم کی کاشت یکم نومبر تا30نومبر مکمل کرائی جائے۔اس ضمن میں شعبہ توسیع کے افسران تربیتی پروگراموں اور سیمینارزکے ذریعے کاشتکاروں کی فنی رہنمائی اور مدد کریں ۔ فصل کو کنگی سمیت دیگر بیماریوں سے بچانے کیلئے کاشت سے قبل گندم کے بیج کومناسب پھپھوند کش زہر لگانے بارے بھی سفارش کی جائے۔

سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ کوہ سلیمان میں 189ملین روپے کی لاگت سے زراعت کی ترقی کے مربوط منصوبہ پر عملدرآمد جاری ہے جس کے تحت گندم ،جواراور باجرہ کابیج 90فیصد رعائتی قیمت پر فراہم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سبزیات کے بیج کے 6ہزار پیکٹس بلامعاوضہ فراہم کئے جائیں گے جن میں سے1500پیکٹس رواں سیزن فراہم کئے جارہے ہیں۔ا

نہوں نے کہا کہ ہائی ویلیو ایگری کلچر کے فروغ کیلئے اس ایریا میں پھلدار درختوں کے باغات لگانے اورواٹر مینجمنٹ کے تحت تالاب اورسولر پاور سے چلنے والی لفٹ اریگیشن سکیموں پر 90فیصد سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ناصر شہزاد ڈوگر، شاہد حسین ،مہر عابد حسین ،عبدالصمدودیگر افسران بھی موجود تھے۔