بہاولنگر: مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے  کیخلاف ریلی اور تقریب کا انعقاد

236

بہاولنگر ،  27 اکتوبر (اے پی پی ):  ملک بھر کی طرح بہاولنگر میں بھی 27اکتوبر ،یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔اس سلسلے  میں مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے  کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریلی اور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

 بلدیہ سبزہ زار میں منعقدہ تقریب میں طلباء و طالبات نے کشمیر میں بھارتی مظالم پر ڈاکومنٹری پیش کی۔تقریب کے بعدمظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی  کےلئےمیونسپل کمیٹی سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کےشرکاء نےکشمیریوں کے حق میں خوب نعرے بازی کی ۔ریلی میونسپل کمیٹی سے شروع ہوکر تھانہ سٹی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔

 ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شعیب خان جدون نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،کشمیریوں کی آزادی کےلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

ریلی میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت  ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔