اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے ساتھ ملاقات کی۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات کے دوران مختلف پارلیمانی امور ،اسلاموفوبیا اور نفرت آمیز بیانیے کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے اور پوری امہ شدید اضطراب کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت ہر پلیٹ فارم پر اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف بھرپور آواز اٹھا رہا ہے اور اٹھاتا رہے گا۔دوران ملاقات، رونما ہونے والے حالیہ گستاخانہ واقعات اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف، عالمی سطح پر وزیر اعظم عمران خان کے واضح اور دو ٹوک موقف کو سراہاگیا۔











