ملتان، 29اکتوبر(اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھٹہ مزدوروں کو سوشل سیکیورٹی کارڈ کے اجراء کی کوششیں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن نے بھٹہ مزدوروں کو پنشن کارڈ جاری کرنے کی حامی بھر لی ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے بھٹہ مزدوروں کو سوشل سیکیورٹی کارڈ جاری کرنے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کی رجسٹریشن کا عمل فوری شروع کیا جائے،محکمہ لیبر بھٹہ مزدوروں کی فہرستیں محکمہ سوشل سیکیورٹی کو حوالے کرے۔انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ سوشل سیکیورٹی بھٹہ مزدوروں کو سوشل سیکیورٹی کارڈ جاری کرے گا اور بھٹہ مالکان مزدوروں کی پنشن کنٹری بیوشن کی رقم ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل سیکورٹی ملنے سے ضلع کے 400 سے زائد بھٹوں پر کام کرنیوالے ہزاروں مزدوروں کومالی فائدہ ہو گا،60 سال کی عمر کو پہنچنے والے مزدورں کو ای او بی آئی پنشن ادا کرے گی اور وفات پا جانے کی صورت میں مزدور کو ڈیتھ گرانٹ کا حق بھی حاصل ہو جائے گا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں جبری مشقت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر کامران علی،سوشل سیکیورٹی اور پولیس،ای او بی آئی کے افسران اور بھٹہ یونین کے عہدیداران نے شرکت کی۔











