سکھر،29اکتوبر(اے پی پی ): جشن عید میلاد النبی کے موقع پر سکھر میلاد کونسل اورجمعیت علماءپاکستان سکھر کے زیر اہتمام سالانہ مقابلہ نعت خوانی و میلاد کانفرنس منعقد ہوئی ۔ جس میں مشرف محمود قادری ،صاحبزادہ حامد محمود فیضی ،مولانااللہ وسایا سمیت معززین وشہریوں اور عاشقان رسول نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالم دین مفتی محمد ابراہیم قادری کا کہنا تھا کہ آقائے دو جہاں رحمت العالمینﷺکی ولادت با سعادت کی خوشیاں منانا ایمان کی علامت ہے، آپ امن و محبت کی داعی تھے۔ حضرت محمدﷺ کی طرز حیات کو ہم اگر اپنا لیں تو ہم اپنے تمام مسائل سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپﷺ نے جو درس دیا ہے اس پر عمل پیرا ہوکر تاجر اپنی تجارت کریں تو وہ اپنے کاروبار کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرسکتے ہیں،والدین اپنے بچوں کو قرآن وسنت کی تعلیمات سے آشنا کرائیں۔
تقریب میں سالانہ نعت خوانی میں حصہ لینے والے بہترین نعت خواں اول ، دوئم اور سوئم آنے والوں میں انعامات تقسیم کئے گئے بعد ازیں اختتام تقریب ملک کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔











