کوئٹہ،31اکتوبر (اے پی پی):وفاقی محتسب کی طرف سے جیل اسٹاف کے لئے دو روزہ ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی محتسب اسلام آباد پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر رانیہ احسان نے کہا کہ جیل منیجمنٹ کو بہتر بنانے کے لئے ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا ،جیل اسٹاف کی ٹریننگ اس لئے بھی ضروری ہے کہ ان کا روزمرہ کا تعلق قیدی سے ہوتا ہے اور یہ ٹریننگ قیدی کو ایک اچھا بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جیل اسٹاف بھی وہی تکلیف اٹھاتا ہے جوکہ ایک قیدی اٹھاتا ہے کیونکہ اس کو بھی اسی چار دیواری میں رہنا پڑتا ہے اور دن رات وہی جرائم کی باتیں سننی پڑتی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایڈوائزر وفاقی محتسب کوئٹہ غلام سرور بروہی نے کہا کہ اگر جیل اسٹاف کو کسی بھی قسم کا مسئلہ ہو تو وہ براہ راست ہم سے رابطہ کرسکتے ہیں، ہم ان کی پوری مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جیل اسٹاف بلا جھجک ہم سے رابطہ کرسکتے ہیں، جیل اسٹاف کا کوئی بھی مسئلہ ہو اس کو سننے کے لئے ہم تیار بیٹھے ہیں، اس کے لئے نہ کسی وکیل نہ فیس کی ضرورت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی جیل نوید الیاس نے کہا کہ ہمارے بلوچستان میں جیل اسٹاف کی ٹریننگ کا ایک بہت بڑا مسئلہ ہے کہ ہمارے سپاہی کو وردی پہنتے ہی جیل میں بھیج دیا جاتا ہے اور یہ نہیں سکھایا جاتا کہ آپ نے قیدی کے ساتھ کیسے پیش آنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے اہم مسئلہ یہ ہے کہ دہشت گردوں کو بھی اسی جیل میں رکھا جاتا ہے جہاں ایک عام قیدی کو رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وردی والوں کو معاشرے میں ظالم تصور کیا جاتا ہے اور ہمیں جعلی شکایتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کرتے ہیں کہ قیدیوں کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی نہ ہو اور انشاءاللہ بلوچستان میں کوئی بڑی شکایت سننے کو نہیں ملے گی۔
تقریب سے محفوظ علی خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔











