چترال، 03 نومبر(اےپی پی): محکمہ مواصلات کے چیف انجینئر تین روزہ دورہ پر چترال پہنچے۔ چیف انجینئر محمد عزیر نے اپر چترال اور لوئیر چترال میں مختلف زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔ چیف انجینئرنے ضلع اپر چترال میں یو کیل کے مقام پر آر سی سی پل کا معائنہ کیا اور کام کی معیار پر تسلی کا اظہار کیا۔
انہوں نے تورکہو وادی کو جانے والا بونی سے بوزنگ سڑک کا بھی معائنہ کیا جس پر نہایت سست رفتاری سے کام جاری ہے جس پر چیف انجینئر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ٹھیکدار کو متنبہ کیا کہ وہ کام کو تیز کرے اور اس سڑک کو جلد سے جلد تعمیر کرے کیونکہ علاقے کے لوگوں کو نہایت مشکلات کا سامنا ہے۔
انجینئر محمد عزیر نے ضلع اپر چترال کے ہیڈ کوارٹر بونی میں کیٹیگری سی ہسپتال کا بھی معائنہ کیا۔ اس منصوبے پر سال 2016 میں کام شروع ہوا تھا مگر فنڈ کی کمی کی وجہ سے اس پر کام روک دیا گیا تھا اب اس پر نہایت تیزی سے کام جاری ہے اور امید ہے بہت جلد یہ مکمل ہوگا۔
انہوں نے بونی بازار میں دو کلومیٹر سڑک کا بھی معائنہ کیا جس پر تارکول باقی ہے اور یہ بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔
چیف انجینئر نے وادی تورکہو میں استارو کے مقام پر آر سی سی پُل کا بھی معائنہ کیا جس پر بھی نہایت سست روی سے کام جاری ہے جس پر انہوں نے ٹھیکدار سے وجہ پوچھی تو انہوں نے یقین دہائی کرائی کہ دو ماہ کے اندر یہ کام مکمل کیا جائے گا۔
دورہ کے دوسرے روز چیف انجینئر محمد عزیر نے لوئیر چترال میں مختلف منصوبوں کا معائنہ کیا جس میں جغور کے مقام پر جوڈیشل کمپلیکس ،دنین کے مقام پر ریسکیو 1122 کیلئے زیر تعمیر عمارت ، چترال ائیر پورٹ پر بلیک ٹاپنگ یعنی تارکول کے کام کا جائزہ لیا جس پر کام جاری ہے اور عنقریب یہ چیو پل تک سڑک پحتہ کیا جائے گا۔
چیف انجینئر نے موری کے مقام پر آر سی سی پل ،آیون کے مقام پر دریا ئے چترال پر آر سی سی پل اور اوسیک میں دریا پر زیر تعمیر آر سی سی پل کا بھی معائنہ کیا۔











