اسلام آباد,5نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کی قائم کردہ قومی رابطہ کمیٹی برائے بیرونی امداد کا پہلا اجلاس وزارت اقتصادی امور میں وفاقی وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاور سیکٹر کے غیرملکی تعاون سے جاری منصوبے زیر غور آئے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار نے کہا کہ توانائی کا شعبہ بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی برائے بیرونی امداد وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر تشکیل دی گئی ہے، رابطہ کمیٹی کی سفارشات سے بیرونی امداد کے تحت جاری منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کا مقصد منصوبوں کا فائدہ عوام تک پہنچانا ہے۔











