سیالکوٹ،06 نومبر ( اے پی پی ): پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اور ایشین ڈیویلپمنٹ بینک کے مالی تعاون سے سیالکوٹ شہر کے انفراسٹرکچر میں بہتری کے لئے پہلےواٹر سپلائی اور سینیٹیشن کا ماسٹر پلان بنایا گیا بعد ازاں انفرا سٹرکچر کی بہتری کے لئے پراجیکٹس شروع کئے گئے جس کے پلان میں شامل سا لڈ ویسٹ مشینری جس میں 24 منی ٹپرز، 15 موبائل ڈی واٹرنگ سسٹم، 8 چین آرم رول ٹرک اور30 کنٹینر اور ایک ویل ایکسکیویٹر فراہم کئے جا چکے ہیں جس پہ تقریبا ساڑھے آٹھ لاکھ ڈالر لاگت آئی ہے۔مزید برآں بقیہ مشینری جس میں 10 آرم رول ٹرک ،54 آرم رول کنٹینر ،150 آٹھ کیوبک میٹر کنٹینر ،ٹرک مائو نٹڈ سویپر،ایک واٹر ٹرک سپرے سسٹم، 100ہینڈ کارٹس، اور 5ڈمپ ٹرک دس کیوبک میٹر رواں سال نومبر میں فراہم کئے جا رہے ہیں جس پر تقریبا نو لاکھ اٹھتر ہزار ڈالر لاگت آئے گی اس مشینری کے لئے پارکنگ شیڈز بھی بنائے جا رہے ہیں۔ جبکہ پارکس میں تعمیراتی کام بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جنہیں مارچ 2021 تک عوام کے لئے کھول دیا جائے گا اس منصوبہ پر 308 ملین روپے لاگت آئی ہے۔ یہ منصوبہ حکومت کی طرف سے جاری کلین اینڈ گرین ویڑن کے عین مطابق ہے جس سےسیالکوٹ پنجاب کے جدید شہر کے طور پرابھرے گا۔
انہوں نے یہ بات پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے بارے میں ڈی سی سیالکوٹ ذیشان جاوید لاشاری سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر سقراط امان رانا کی سربراہی میں آئے وفد میں نیسپاک کے انجینئرنگ ڈیزائن اینڈ پروکیورمنٹ کنسلٹنٹ،انفرادی کنسلٹنٹ سوشل سیف گارڈ ،جینڈر اور اربن ڈیویلپمنٹ سپیشلسٹ، انوائرمنٹ سپیشلسٹ کے علاوہ پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پراجیکٹ سے متعلقہ ونگز کے افسران بھی شریک ہوئے۔پراجیکٹ ڈائریکٹر سقراط امان رانا نے بتایا کہ رواں سال نومبر میں شہر کی سیوریج لائنوں کی تبدیلی اور واٹر سپلائی منصوبوں پر کام کا آغاز ہو جائے گا جس کیلئے اس ماہ ٹینڈر ایوارڈ کیے جا رہے ہیں اس منصوبہ پر 5.2 ارب روپے لاگت آئے گی۔ سیالکوٹ میں ایک ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی لگایا جا رہا ہے جس کا کنٹریکٹ 31 دسمبر تک ایوارڈ کر دیا جائے گا اور اس کی تعمیر پر 2 ارب روپے لاگت آئے گی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر سقراط امان رانا نے ڈی سی سیالکوٹ سے اربن کلائمیٹ چینج اینڈ رسیلئینس ٹرسٹ فنڈ کے تحت سیالکوٹ کو 5 ملین ڈالر کی گرانٹ کی فراہمی کے حوالے سے ایشوز پر بات کی۔ دریں اثنا پروگرام ڈائریکٹر سقراط امان رانا کی سربراہی میں وفد کے اراکین نے شہر میں پراجیکٹ سے متعلق مختلف سائٹس کا تفصیلی دورہ بھی کیا جس میں پارکنگ شیڈ سالڈ ویسٹ مشینری، سٹی اپمپلیمینٹیشن یونٹ سیالکوٹ کے دفتر، انجینئرنگ ڈیزائن اینڈ پرکیورمنٹ کنسلٹنٹ کے دفتر،سائیٹ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ شامل ہیں اس کے علاوہ عبدالحکیم لیڈیز پارک، قلعہ پارک، گلشن اقبال پارک اور لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک کا دورہ کیااور وہاں جاری ترقیاتی کام کی رفتار اور کوالٹی کا جائزہ لیا اور کنٹریکٹر کو کام تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ڈی سی سیالکوٹ نے پراجیکٹ کو سیالکوٹ کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد کیلئے مقامی انتظامیہ اپنا بھر پور تعاون جاری رکھے گی۔اور شہر کیلئے لینڈ فل سائٹ کے حصول کیلئے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔











