لاہور،10نومبر(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان اور رکن پنجاب اسمبلی رانا شہباز احمد نے منگل کو یہاں ملاقات کی ہے ، ملاقات میں منتخب نمائندو ں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا ۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حلقوں کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ خدمت کے سفر کے سامنے انتشار کی سیاست کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے پاس کوئی ایجنڈ ا ہے نہ کوئی پروگرام ہے۔عوام کا پیسہ لوٹنے والے نئے روپ دھار کر پھر میدا ن میں آئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محب وطن عوام چور ٹولے کے جھانسے میں اب نہیں آئیں گے،پی ڈی ایم کے افراتفری پھیلانے کے مذموم عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے-
عثمان بزدا ر کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے عام آدمی کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ،دونوں جماعتوں نے اپنے دور میں کھوکھلے نعرے لگائے۔اپوزیشن نے ہر موقع پر عوام کو گمراہ کرنے کیلئے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کامسترد شدہ ٹولہ ہمیشہ کے لئے سیاست سے آؤٹ ہوچکا ہے-وزیراعظم عمران خا ن نے موروثی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے-











