لاہور،11 نومبر (اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ خوشحال اور مستحکم پاکستان وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے، پاکستان کی مضبوطی کیلئے تمام اداروں کی مضبوطی ضروری ہے۔ معاشی اور سفارتی محاذ پر پاکستان نے دنیا میں اپنا مقام بنایا ہے۔
بدھ کو یہاں پی ٹی آئی پارٹی وکلاء کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کاخود احتسابی کانظام قابل تحسین ہے،22کروڑ پاکستانیوں کو افواج پاکستان پر فخر ہے۔
چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ہربات میں کیڑے نکالنا سیاسی مخالفین کی عادت بن چکی ہے، افرتفری اور ناامیدی پھیلانے والوں کو مایوسی کے سواکچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی مخالفین کو سیاسی اور ذاتی کے بجائے قومی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ ناممکن کو ممکن کر کے دکھایا ہے۔ گلگت بلتستان کی عوام کا فیصلہ بھی تحریک انصاف کے حق میں آئیگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کمزور طبقات کی خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔











