ضلع گھوٹکی کی شوگر ملز اپنا قبلہ درست کرلیں، مقامی  آبادگاروں کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کریں گے؛ ڈپٹی کمشنر  محمد عثمان

101

گھوٹکی،17نومبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر  محمد عثمان عبدﷲ نے کہا ہے کہ ضلع گھوٹکی کی شوگر ملز اپنا قبلہ درست کرلیں، مقامی  آبادگاروں کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کریں گے، کورونا کے پیش نظر ایس او پی پر عمل نہ کرنے والی شوگر مل کو سیل کردیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں ضلع کی پانچوں شوگر ملز کے عملداروں سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شوگر ملز کی جانب سے سی ایس آر فنڈ کے تحت عوامی فلاح و بہبود کے لئے جو کام کروائے گئے ہیں یا جو اسکیمیں پلان میں شامل ہیں ان کی تفصیلی رپورٹ فراہم کی جائے تا کہ معلوم ہوسکے کہ ملز انتطامیہ نے عوام کی فلاح کے لئے ضلع میں کیا کردار ادا کیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ عام طور پر  عوام کی شکایت رہی ہے کہ ضلع کی شوگر ملز مقامی آبادگاروں سے زیادتی کرتے ہوئے وقت پر رقم ادا نہیں کرتیں اس لئے ایسی صورتحال قابل قبول نہیں ہوگی، آبادگاروں کو مقررہ تاریخ پر رقم ادا نہ کرنے والی شوگر ملز کے خلاف کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی نوجوانوں کو روزگار میں نظرانداز کرنے کی شکایات بھی موصول ہوتی رہتی ہیں اس لئے شوگر ملز انتظامیہ کو ہدایت کی جارہی ہے کہ مقامی نوجوانوں کو اولین ترجیح دی جائے اس سلسلے میں گزشتہ 3 سالوں کے دوران سیزنل بھرتی ہونے والے ملازمین کے تفصیل بھی فراہم کئے جائیں۔

 ڈپٹی کمشنر نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی شوگر مل کو قانون کے مطابق سیل کردیا جائے گا اس سلسلے میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز شوگر ملز کا دورہ کرکے انتطامات کا جائزہ بھی لیں گے۔

 اجلاس  کے دوران الائینس شوگر مل کی جانب سے زرعی زمین میں کیمیکل ملا پانی چھوڑنے کی عوامی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر اوباوڑو کو ہدایت کی کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ متعلقہ علاقے کا دورہ کیا جائے اور پانی کا ٹیسٹ کروایا جائے۔ اس سلسلے میں کیمیکل ملا پانی ثابت ہونے مر شوگر مل کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے پانچوں شوگر ملز انتظامیہ کو سختی سے تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ گنے سے بھری ٹریکٹر ٹرالیوں کی پارکنگ کے لئے جگہ کا مناسب بندوبست کیا جائے تا کہ قومی شاہراہ سے گزرنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ روزانہ کی بنیادوں پر مقرر کردہ ہدف کے مطابق ٹرالیوں کو پرمٹ جاری کی جائیں ،اس سلسلے میں پلان تیار کرکے 2 روز میں رپورٹ فراہم کی جائے۔ انہوں نے موٹروے پولیس افسران کو بھی ہدایت کی کہ قومی شاہراہ پر ٹرالیاں نہیں رکنی چاہیں، تمام ٹرالیوں کو شوگر ملز کی جانب بھیجا جائے۔