کوئٹہ، 17نومبر( اے پی پی ): وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ مالیاتی وسائل کے مناسب استعمال اور نظم وضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس حوالے سے کسی تساہل اور غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلی بلوچستان کی زیر صدارت صوبے میں ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس کو چیف سیکریٹری بلوچستان نے 77ترجیحی منصوبہ جات، کیپ اسکیمات اور انتظامی محکموں کی کارکردگی سے متعلق امور پر بریفنگ دی ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اس امر پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا کہ بعض افسران جاری ترقیاتی اسکیموں کے لئے جاری شدہ فنڈز کو اب تک استعمال نہیں کرسکے ہیں، انہوں نے ہدایت کی کہ ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے پی ایس ڈی پی میں شامل ترقیاتی اسکیمات کی باقاعدہ مانیٹرنگ کے نظام کو مؤثر بنانے اور پی ایس ڈی پر عملدرآمد کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر اور فنڈز کے ضیاع پر متعلقہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ موجودہ صوبائی حکومت نے نئے مالی سال کے آغاز سے ہی ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد شروع کرنے کی روایت ڈالی تاکہ ترقیاتی عمل کے ثمرات بروقت عوام تک پہنچ سکیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی عمل کو کسی صورت میں متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا اور ہدایت کی کہ منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔











