وزیر اعظم ،وزیر اعلیٰ  کی ہدایت  پر  ذخیرہ اندوزوں، نا جائز منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا؛ چیف سیکرٹری پنجاب

103

لاہور، 18 نومبر (اے پی پی): چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے کہا  کہ  وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ذخیرہ اندوزوں، نا جائز منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، حکومتی اقدامات کے باعث مارکیٹ میں آٹا اور چینی وافر دستیاب ہیں، کم قیمت پر چینی کی فراہمی سے عام آدمی کو ریلیف ملا ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت پرائس کنٹرول اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا وزیر اعظم کی ہدایت پر پنجاب میں گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، رواں ماہ گرانفروشی پر 465 افراد گرفتار،451 مقدمات درج ہیں، اوورچارجنگ پردو کروڑ روپے کے جرمانے بھی کئے گئے، فورکاسٹنگ کمیٹی کے مطابق پنجاب میں ٹماٹر، پیاز اور آلو کی رسد نومبر کے آخر میں بہتر ہو جائے گی۔ کین کمشنر پنجاب سے شوگر ملز میں کرشنگ کے آغاز اور کاشتکاروں کو ادائیگیوں سے متعلق رپورٹ طلب کر لی گئی ہے ۔

اس موقع پر سیکرٹری صنعت نے کہا ساڑھے 24ہزار میٹرک ٹن درآمد شدہ چینی اوپن مارکیٹ میں فروخت ہو چکی ہے، 1374میٹرک ٹن درآمد شدہ چینی سہولت بازاروں میں فروخت ہو چکی ہے۔