اوکاڑہ، 18 نومبر (اے پی پی ): پنجاب حکومت کی ہدایت پر ہفتہ شان رحمتہ اللعالمین ﷺ کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر آفس میں محفل میلاد ﷺ کی تقریب منعقد کی گئی جس میں قائم مقام ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی سمیت، عمائدین علاقہ ،سرکاری افسران ،علما ء مشائخ نے کرونا ایس او پیز کی پیروی کرتے ہوئے شرکت کی۔
ہفتہ شان رحمتہ اللعالمین ﷺ کے سلسلہ میں محفل میلاد کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نبی کریم ﷺ کی بارگاہ عقیدت میں نعت شریف کا ہدیہ پیش کیا گیا ۔ثناء خوان مصطفی نے آپ ﷺ کی شان میں گل ہائے گوناں گوں پیش کئے جبکہ ڈسٹرکٹ خطیب قاری سعید عثمانی سمیت مقررین نے حضور اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی ۔
بعد ازاں قائم مقام ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی قیادت میں حضور اکرم ﷺ سے اظہار الفت ،محبت کے لئے ریلی بھی نکالی گئی ۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کا آزادی اظہار سے جوڑنا کسی طرح مناسب نہیں ہے ،محترم شخصیات کے بارے میں نازیبا اشارہ کنایہ بھی گستاخی ہے ۔مسلمان اپنے آقا ئے مولا نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کسی صورت قابل قبول نہیں۔
اس موقع پر دیگرمقررین نے شان رحمت اللعالمین کا ہفتہ منانے پر وزیر اعلی سردار عثمان بزدار ،پنجاب حکومت ،ضلعی انتظامیہ کی تحسین کی۔











