نیول  چیف  ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سےکمانڈر قطر ایئرفورس میجر جنرل سالم حمد عقیل النابت کی ملاقات

187

اسلام آباد،18نومبر  (اے پی پی):پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سےکمانڈر قطر امیری ایئرفورس میجر جنرل (پائلٹ) سالم حمد عقیل النابت نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک بحریہ کے مطابق کمانڈر قطر امیری ایئرفورس میجر جنرل (پائلٹ) سالم حمد عقیل النابت نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ معزز مہمان کو روایتی انداز میں گارڈ آ ف آنر پیش کیا گیا۔ معزز مہمان نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور ان کا پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔ سربراہ پاک بحریہ نے خطے میں سمندری تحفظ اور امن کو یقینی بنانے کے لئے  پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔

 کمانڈر قطر امیری ایئرفورس نے خطے میں بحری سیکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔

 کمانڈر قطر امیری ایئرفورس کے اس دورے سے دونوں ممالک بالخصوص مسلح افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔