عوام تک ترقی کے ثمرات پہنچائے بغیرملک کی ترقی اورخوشحالی کو یقینی نہیں بنایا جاسکتا، ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ

115

اسلام آباد۔18نومبر  (اے پی پی):وزیرعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاہے کہ عوام تک ترقی کے ثمرات پہنچائے بغیرملک کی ترقی اورخوشحالی کو یقینی نہیں بنایا جاسکتا، پائیدارترقی کیلئے جامع بڑھوتری ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں فیوچرسمٹ سے ویڈیو لنک کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے کہی،”پاکستان کامستقبل“ اس سمٹ کا موضوع تھا۔وزیراعظم کے مشیرنے کہاکہ اپنے جغرافیائی محل وقوع،زرعی استعداد، معدنی وسائل، وسیع ساحلوں اورقدرتی وسائل سے مالامال وسط ایشائی ریاستوں سے قربت کی وجہ سے پاکستان کو منفردمقام حاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کوترقی کے ثمرات پہنچائے بغیرملک کی ترقی اورخوشحالی کو یقینی نہیں بنایا جاسکتا، پائیدارترقی کیلئے جامع بڑھوتری ضروری ہے۔ وزیراعظم کے مشیرنے سمٹ کے شرکا کوغیرملکی سرمایہ کاری کیلئے مقامی مارکیٹ کوکھولنے سے متعلق حکومتی پالیسی سے بھی آگاہ کیا اورکہاکہ حکومت کاروبارمیں آسانیوں اورغیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے جامع اقدامات اٹھارہی ہے، ان اقدامات کی وجہ سے ملک میں نہ صرف معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئیگی بلکہ روزگارکے مواقع میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اداروں کواپنی بنیادوں پرکھڑاکرنااورپائیدارترقی کے عمل کو مرکزی دھارے میں لانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے انہوں نے اس ضمن میں شرکاکو مختلف شعبوں میں اصلاحات کے جاری عمل سے بھی آگاہ کیا۔ ڈاکٹرحفیظ شیخ نے کہاکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار پرائمری اورحسابات جاریہ کے کھاتوں کی صورتحال مثبت ہیں۔ حکومت نے دوسالوں میں 5 ہزارارب روپے کا بیرونی قرضہ اداکیاہے،بزنس کمیونٹی کوری فنڈز کی مد میں 250 ارب روپے دئیے گئے، برآمدات کے فروغ کیلئے پرکشش ترغیبات دی گئیں۔ چھوٹے اوردرمیانہ درجہ کے کاروباراورصنعتوں کیلئے خصوصی پیکج دیا گیا،کوویڈ 19 کے مضراثرات سے نمٹنے کیلئے حکومت نے 1240 ارب روپے کا پیکج دیا جس سے اس بات کی عکاسی ہورہی ہے کہ حکومت مشکل کے وقت میں عوامی مشکلات کے حل میں کتنی حساس ہے۔ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاکہ ملک میں روزگارکے مواقع بڑھانے میں نجی شعبہ اہم کرداراداکرسکتاہے، نجی شعبہ کو خدمات کی فراہمی میں بہتری لانی چاہئیے اس سے پائیدارترقی کی منزل کوحاصل کیا جاسکتاہے۔انہوں نے سمٹ کے انعقاد پرنٹ شیل کے سی ای اوکا شکریہ اداکیا۔