اسلام آباد ،18نومبر (اے پی پی ):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے بلوچستان پریس کلب کے صحافیوں کے وفد کی ملاقات ہوئی چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے صحافیوں سے بات کرتے کہاکہ بلوچستان کے صحافی مشکل حالات میں کام کر رہے ہیں، انکی زیادہ سے زیادہ سرپرستی کی ضرورت ہے، صحافیوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لئے قانون سازی سمیت دیگر اقدامات پر متعلقہ سٹیک ہولڈز سے مشاورت کریں گے،ملک و قوم کیلئے صحافیوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے، میڈیا ورکز جان ہتھیلی پر رکھ کر اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں ،آزادانہ صحافت ہی ملک میں جمہوری رویوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوتی ہے، بلوچستان کی نوجوان نسل باصلاحیت اور قابل ہے،ہمیں عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے نوجوان نسل میں کاروبار اور کاروباری سرگرمیوں کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر سینیٹر احمد خان، اور سینیٹر نصیب اللہ بازئی بھی موجود تھے۔ چیئرمین سینیٹ نے صحافیوں سے مسائل کے حل کے لئے سفارشات بھی طلب کر لیں۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی مسائل کے حل کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔











