اسلام آباد،23نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں کورونا وائرس کی وباکی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور صوبائی نمائندگان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ آج ملک بھر میں کورونا کیسز کی شرح سب سے زیادہ 7.46فیصد رہی ۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں 11.45،بلوچستان میں 7.73، گلگت بلتستان میں 5.23،اسلام آباد میں 8.09، خیبر پختونخوا میں 9.85، پنجاب میں 3.95جبکہ سندھ میں کورونا کیسز کی شرح 9.63فیصد ہے ۔ پنجاب میں سب سے زیادہ کیسز راولپنڈی ، ملتان ، لاہور اور فیصل آباد میں سامنے آئے ہیں ۔ سندھ میں زیادہ کیسز کراچی اور حیدرآباد جبکہ خیبر پختونخوا میں پشاور ، ایبٹ آباد اور سوات میں کورونا کیسز کی زیادہ تعداد سامنے آئی ہے ۔ آزاد جموں و کشمیر میں میر پور جبکہ گلگت اور اسلام آباد میں بھی کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے ۔
این سی او سی اجلاس میں شرکاءکو اس بات سے بھی آگاہ کیا گیا کہ اس وقت ملک بھر کے ہسپتالوں میں 2155مریض داخل ہیں ۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران انتہائی نازک کیسز کی تعداد دو گنا بڑھ گئی ہے ۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران کورونا وباکی وجہ سے 35افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے ۔ اجلاس میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ کورونا کیسز کی سب سے زیادہ تعداد تعلیمی اداروں میں سامنے آئی، کل کورونا کیسز میں سے 19فیصد کیسز تعلیمی اداروں میں رپورٹ ہوئے ۔ایک ہفتہ کے دوران تعلیمی اداروں میں پازیٹو کیسز کی شرح 1.8فیصد سے بڑھ کر 3.3فیصد ہوگئی ہے جو مجموعی طور پر 82فیصد اضافہ ہوا ہے۔











