وہاڑی ، 24 نومبر (اے پی پی):ڈی پی او وہاڑی احسان اللہ چوہان کی سربراہی میں منگل کو یہاں کرائم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈی ایس پی شمس الدین خاں کے علاوہ سرکل کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں ڈی پی او وہاڑی نے اشتہاری مجرموں کی گرفتاری،مقدمات کے چالان مکمل کرنے کی رفتار مزید بڑھانے،منشیات فروشی اور دیگر جرائم پر قابو پانے کے علاوہ شہریوں کی شکایات کے ازالہ کے لئے انکے ساتھ حسن اخلاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس اور عوام کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
ڈی پی او وہاڑی نے سول سوسائٹی نیٹ ورک کے تعاون سے شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی مانیٹرنگ کے لئے شروع کئے گئے سیف سٹی پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیا اور ڈی ایس پی آفس میں قائم سیف سٹی مانیٹرنگ کنٹرول روم کی کارکردگی کو بھی چیک کیا ۔انہوں نے سیف سٹی پراجیکٹ کو جرائم کے خاتمہ کے لئے ایک سنگ میل قرار دیا جسکی تکمیل سے جرائم پیشہ افراد کی کڑی نگرانی میں بھر پور مدد ملے گی۔











