لاہور ڈائیوسسن ٹرسٹ کی جانب سے اجلاسوں میں شرکت نہ کرنا قابل افسوس ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان

182

پشاور،25 نومبر(اے پی پی):   گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ صوبے کی تاریخی تعلیمی درسگاہ ایڈورڈز کالج کے تعلیمی معیار اور انتظامی امور کی بہتری کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں۔ ان کاکہنا تھا کہ بورڈ آف گورنرز ایک متعلقہ فورم ہے جس کے اجلاس سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بلائے گئے اور لاہور ڈائیوسسن ٹرسٹ کی جانب سے اجلاسوں میں شرکت نہ کرنا قابل افسوس ہے۔ ان خیالات کا اظہار گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں ایڈورڈز کالج پشاور کے بورڈ آف گورنرز کے تیسرے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ یہ اجلاس تیسری بار بدھ کے روز گورنر ہاؤس پشاورمیں منعقد ہوا تاہم لاہور ڈائیوسیسن ٹرسٹ ایسوسی ایشن (LDTA) کی جانب سے عدم نمائندگی کے باعث اجلاس کو انتہائی مختصر کردیا گیا اور کالج کے انتظامی، مالی، تعلیمی اور ایجنڈا آئٹمز پر تبادلہ خیال اورفیصلے نہ ہوسکے۔

 اس سے پہلے بھی مذکورہ ادارے کے بورڈ آف گورنرز کے دو اجلاس لاہور ڈائیوسیسن ٹرسٹ کے نمائندے کی عدم شرکت کی وجہ سے  ملتوی کئے گئے تھے۔ ایڈروڈز کالج پشاور بورڈ آف گورنرز ایک اعلی سطح فورم ہے جس میں ایڈورڈز کالج کے انتظامی، مالی اور دیگر معاملات پرتبادلہ خیال کے بعد باقاعدہ منظوری دی جاتی ہے۔

سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق ایڈورڈز کالج بورڈ آف گورنرز اجلاس میں لاہور ڈائیوسیسن ٹرسٹ کے نمائندے کو مدعو کیا جانا ضروری ہے لیکن مذکورہ ٹرسٹ کو اجلاس کے انعقاد سے متعلق باقاعدہ آگاہ کرنے کے باوجود انہوں نے تیسری بار شرکت سے معذرت کرلی ہے۔

 اجلاس میں وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اعلی تعلیم کامران بنگش، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر ادریس خان، سیکرٹری محکمہ اعلی تعلیم داؤد خان، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ سفیر احمد سمیت بورڈ کے تمام اراکین نے تیسری بار بھی اپنی شرکت یقینی بنائی۔