پشاور،26نومبر(اے پی پی:( ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغرکی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر (سٹی)ڈاکٹر احتشام الحق نے رات کے اوقات میں کاروائی کر تے ہوئے پابندی کے باوجود بھی دس بجے کے بعد دکانیں کھلی رکھنے پر بیشتر دکانداروں کو گرفتار کر تے ہوئے دکانوں کو سیل کر دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر (شاہ عالم)صوبیہ حسام طورو نے چارسدہ روڈ پر مختلف دکانوں و سٹوروں کا معائنہ کر تے ہوئے کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بیشتر کو سیل کر دیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر خالد خان نے پھندو روڈ پر مختلف فلنگ سٹیشنوں و دیگر دکانوں کا معائنہ کیا۔ ایک فلنگ سٹیشن کے منیجر کو کم مقدار میں پٹرول فروخت کرنے پر گرفتار کر لیا گیا جبکہ بیشتر دکانداروں کو گرانفروشی اور کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا گیا۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر آفتاب احمد نے رنگ روڈ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ارشد آفریدی نے پشتخرہ روڈ جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر تنزیل الرحمان نے یونیورسٹی روڈ پر مختلف دکانوں کا معائنہ کیا۔ کاروائیوں کے دوران کم وزن روٹی فروخت کرنے، گرانفروشی اور کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بیشتر دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان گرفتار افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے تاجر برادری اور عوام سے اپیل کی کہ بازاروں میں رش نہ بنائیں اور حکومتی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کریں بصورت دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔











