ہفتہ شان رحمت ا للعالمین ﷺ کے سلسلے میں خوشاب میں محفل میلادکا انعقاد

97

خوشاب،27 نومبر(اے پی پی ): وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویثر ن اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈی سی کمپلیکس جوہرآباد میں ہفتہ شان رحمت ا للعالمین ﷺ کے سلسلے میں ایک محفل میلادکا انعقاد ہوا -اس محفل کے مہمان خصوصی مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل حیات جبوانہ تھے ۔

مہمان خصوصی فیصل حیات جیوانہ نے محفل میلاد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شان رحمت اللعالمین ﷺمنانے کا کریڈٹ موجود ہ حکومت کو جاتا ہے اور وہ ضلعی انتظامیہ خوشاب کے نہایت مشکور ہیں جنہوں نے حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں بڑے اچھے اورپُروقار طریقے سے تقریبات کا انعقاد کرایا -انہوں نے کہا کہ ذکر نبی پاک ﷺکے لیے ایک ہفتہ بہت کم ہے ہمارا ہر لمحہ نبی پاک ﷺ کے ذکر اور یاد میں گزرنا چاہیے -ذکر خدا اور نبی پاک کی تعلیمات پر عمل کرنے سے ہی ہماری عافیت ہے –

ایم پی اے ساجدہ آہیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذہب کی دوری اور نبی پاک ﷺکی تعلیمات اور سیرت کو بھول جانے سے کفار کو اسلام کے خلاف سازش کرنے کا موقع مل رہا ہے -انہوں نے وزیر اعظم پاکستان اورحکومت پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکولوں میں شان رحمت اللعالمین ﷺ منانے سے ہمارے بچوں میں اسلام اور نبی پاک ﷺکی سیرت طیبہ کے بارے آگاہی پیدا ہو گی اور وہ یقینا اپنی آئندہ زندگی میں اس پر عمل پیرا بھی ہونگے –

قبل ازیں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ملک احسان احمد اور صدارتی  ایوارڈ یافتہ مولانا اظہار الحسن نے نبی پاک ﷺکی حیات طیبہ اور شان ر حمتِ مصطفی ﷺ پر تفصیل سے روشنی ڈالی – محفل کے اختتام پر مولانا سلیم الرحمن نے ملک کے استحکام اور نبی پاک ﷺکی تعلیمات کے مطابق زندگی بسر کرنے کی خصوصی دعا بھی کرائی –