پولیو مہم کو کامیاب بنانا متعلقہ اداروں سمیت سول سوسائٹی کی بھی ذمہ داری ہے ؛ ڈپٹی کمشنر خیرپور احمد علی قریشی

228

خیر پور،27نومبر  (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر خیرپور احمد علی قریشی نے کہا ہے کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانا متعلقہ اداروں سمیت سول سوسائٹی کی بھی ذمہ داری ہے کیونکہ یہ ایک قومی فریضہ ہے اور ہماری آئندہ نسلوں کے مستقبل کا سوال ہے اس لئے ہم سب کو مشترکہ طور پر متحد ہوکر اس پولیو وائرس کے خلاف جہاد کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے آفس کے دربار ہال میں 30 نومبر سے شروع ہونیوالی پولیو مہم کی تیاری کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر محمد حسین ابڑو اور پی پی  ایچ  آئی  اے کے ڈسٹرکٹ مینیجر عارف عباسی اسسٹنٹ گورنر روٹری انٹرنیشنل 3271 رضوان احمد برڑو سمیت متعلقہ اداروں کے افسران اور ڈاکٹرز نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران پوری امید ہے کہ محکمہ صحت ہمیشہ کی طرح بہتر طریقے سے اپنے فرائض سر انجام دےگا جبکہ پی پی ایچ آئی کی کارکردگی بھی اچھی ہے اسکے با وجود تمام میڈیکل افسران اور پولیو ٹیمیں اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے دن رات ایک کردیں تاکہ ضلع کا کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے اس ضمن میں سول سوسائٹی کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے اور اس قومی فریضے میں اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔انہوں نے یقین دلایا کہ پولیو مہم کے دوران جہاں بھی میری ضرورت ہوگی میں ادھر پہنچوں گا تاکہ پولیو ٹیموں کو کسی مشکل کا سامنا نہ ہو اور انکے مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے ڈاکٹرز اور پولیو ورکرز کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں تعریفی اسناد دی جائیں گی جبکہ خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر انہوں نے تمام تعلقہ فوکل پرسنز اور یوسی ایم اوز کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کے دوران کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر تمام ایس او پیز کا خیال رکھیں جبکہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے احکامات کے مطابق اپنے اپنے علاقے میں جاری پولہو مہم اور اس میں درپیش کمیوں اور خامیوں کی نشاندہی تحریری طور پر رپورٹ کی صورت میں جمع کرائیں اس ضمن میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ای  ڈی  ایچ  او  ڈاکٹر صفی اللّہ مہیسر، ڈاکٹر وقار احمد، ڈاکٹر امتیاز وسان اور ڈاکٹر اسداللہ گھمرو کو بہترین کارکردگی پر تعریفی اسناد دی گئیں۔قبل ازیں اجلاس میں ڈی، ایچ او محمد حسین ابڑو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع خیرپور کے 8 تعلقوں میں 30 نومبرسے شروع ہونیوالی پولیو مہم کے دوران 4 لاکھ 94 ہزار 148 بچوں کو 295 ایریا انچارج کی زیر نگرانی 1222 ٹیمیں پولیو سے بچاو کے قطرے پلائیں گی اور یہ مہم 5 دسمبر تک جاری رہے گی۔