اسلام آباد، 09 دسمبر (اے پی پی ):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کی بروقت تکمیل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، کرونا وبا کے باعث معیشت کو درپیش مشکلات کو کم کرنے اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے معاشی سفارت کاری کو بروئے کار لا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ نے بدھ کو یہاںوزارت خارجہ میں علاقائی سلامتی اور پاکستان کی ترجیحات کے حوالے سے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں کرونا وبائی چیلنج ، مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور بھارتی یکطرفہ پالیسیوں کے باعث خطے کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کرونا عالمی وبائی چیلنج کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کا پر تشدد کارروائیوں کا تسلسل انتہائی قابلِ تشویش ہے،پاکستان نے ڈوزئیر (Dossier ) کے ذریعے دہشت گرد کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس اور ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے پیش کر دیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہندوتوا سوچ پر مبنی پالیسیوں نے پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے ۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام پورے خطے کیلئے انتہائی ناگزیر ہے،پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت کے ساتھ ادا کرتا رہے گا ۔
اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، اعلیٰ عسکری حکام و وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔











