ملتان، 23دسمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک سے ڈسٹرکٹ بار کے صدرعمران ارشد سلہری اورجنرل سیکرٹری غلام نبی نے ملاقات کی،ملاقات میں ضلع کچہری میں پارکنگ پلازہ کی تعمیر اورصفائی کے مسائل پر گفتگو کی گئی۔
ڈی سی عامر خٹک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی کچہری میں پارکنگ پلازہ،بار روم اور بار کے دفاترکی تعمیر پر64 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے اور کہا کہ گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے کثیرالمنزلہ بلڈنگ کے تہہ خانے میں دو فلور مختص کئے جائیں گے،پارکنگ پلازےکے سنگ بنیاد کے لئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو دعوت دی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا ضلع کچہری میں وکلاء کے موجودہ چیمبر بلڈنگ کے تیسرے فلور پر کنٹین تعمیر کی جائے گی، ضلع کچہری میں صفائی کیلئے ایم ڈبلیو ایم سی کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
بار کے صدر اور سیکرٹری جنرل کی طرف سے وکلاء کے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پرڈپٹی کمشنر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ صدر بار عمران سلہری نے کہا کہ
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے وکلاء کے لئے ہمیشہ اپنے آفس کے دروازے کھلے رکھے اور کہا کہ ضلع کچہری میں ڈسپنسری میں سہولیات میں اضافہ کیا گیا ہے۔ایم ڈبلیو ایم سی کی کوشش سے ضلع کچہری میں صفائی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔
سیکرٹری بار غلام نبی نے کہا پارکنگ پلازہ کی تعمیر سے کچہری چوک میں ٹریفک کےمسائل کے حل میں مدد ملے گی۔











