میرپورخاص رینج میں قائم گرجا گھروں اور تمام مسیحی عبادتگاہوں پر حفاظتی انتظامات کو ہر سطح پر فل پروف بنایا جائے: ڈپٹی انسپکٹر جنرل

97

میرپورخاص،23دسمبر(اے پی پی) :ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس میرپورخاص رینج  ذوالفقار علی لاڑک  کی جانب سے ایس ایس پی ضلع میرپورخاص فیصل بشیر میمن  کے ہمراہ کرسمس  کے موقع پر میرپورخاص شہر  بھر میں قائم مختلف گرجا گھروں اور مسیحی عبادتگاہوں کا دورہ کیا گیا۔

اس دوران ڈی آئی جی میرپورخاص رینج کی جانب سے مختلف گرجا گھروں کے فادرز ، پاسٹرز اور مسیحی عبادتگاہوں کے منتظمین سے ملاقات کی گئی اور کرسمس پر کئے جانے والے حفاظتی انتظامات و دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، جس کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس کی جانب سے کئے گئے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا ، دورانِ جائزہ ایس ایس پی ضلع میرپورخاص کی جانب سے کرسمس کے موقع پر کئے جانے والے حفاظتی انتظامات سے متعلق بریف کیا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل میرپورخاص رینج ذوالفقار علی لاڑک کا کہنا تھا کہ میرپورخاص رینج میں قائم گرجا گھروں اور تمام مسیحی عبادتگاہوں پر حفاظتی انتظامات کو ہر سطح پر فل پروف بنایا جائے ، تمام پولیس اہلکار و افسران دوران ڈیوٹی کرونا سے متعلق (ایس او پیز) پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں ، ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمیداری ہے، تاہم امن و امان کی فضا برقرار رکھنے میں عوام کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔