ملتان، 24دسمبر(اے پی پی): سیکرٹری ہاؤ سنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ جنوبی پنجاب لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں میں ایک لاکھ ٹوائلٹس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے، ورلڈ بنک اور واش پروجیکٹ کے تعاون اور او پی ڈی منصوبے کے تحت مستحق افراد کو سہولت مہیا کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار سیکرٹری ہاؤسنگ لیاقت علی چٹھہ نے واش پراجیکٹ کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری ہاؤ سنگ طاہر انصاری بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے پر بارہ کروڑ لاگت آئے گی جو بارہ اضلاع میں شروع کیا جائے گا،جس سے چار لاکھ گھرانے کو سہولت میسر آئے گی۔
لیاقت علی چٹھہ نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں بڑے پیمانے پر سروے کا آغاز کر دیا ہے، تمام مستحق افراد کو بنیادی سہولت مہیا کریں گے، منصوبے کی تکمیل سے صحت کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی اور پسماندہ علاقوں میں محرومیوں کا خاتمہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ابتدائی طور پر چار لاکھ گھرانے مستفید ہوں گے، گھروں میں سیمنٹ،اینٹیں اور دیگر سامان مہیا کیا جائے گا۔
سیکرٹری ہاؤ سنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ جنوبی پنجاب لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے خطے کی عوام کے مسائل کو جلد اور فوری حل میں مدد ملے گی، جنوبی پنجاب کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی تک اقدامات جاری رکھے گے۔











