ملتان ،25دسمبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عامر خٹک، سی پی او محبوب رشید میاں اور ممبر صوبائی اسمبلی وسیم خان بادوزئی نے کرسمس کے موقع پر چرچز کا دورہ کیا اور سینٹ میری چرچ اور کیتھولک چرچ میں منعقدہ کرسمس کی تقریبات میں شریک ہوئے۔بشپ لیو راڈرک پال،پادری سہراب یونس ،فادر پرویز اور فادر فرحان نے تقریب آمد پر انکا استقبال کیا۔
ڈپٹی کمشنر،سی پی او اور وسیم خان بادوزئی نے چرچ کے بشپ اور فادرز کو پھول اور مٹھائی پیش کی اور کرسمس کی مبارکباد دی۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کو اپنی مذہبی رسومات ادا کرنیکی کی مکمل آزادی ہے اور تمام مذاہب کو پر امن ماحول فراہم کرنا ہمارا قانونی فریضہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا آئین بھی اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آج بانی پاکستان قائداعظم کا یوم ولادت بھی ہے، قائد اعظم مذہبی آزادی اور غیر مسلموں کے مساوی حقوق پر یقین رکھتے تھے۔انہوں نے کہا قائد اعظم نے فرمایا تھا کہ ریاست کا کسی کے مذہب،ذات اور نسل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ممبر صوبائی اسمبلی وسیم خان نے کہا وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کی راہ پر گامزن ہیں،پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے جبکہ انڈیا میں مذہبی انتہا پسندی عروج پر ہے۔
وسیم خان بادوزئی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے انڈیا کا فاشسٹ چہرہ بے نقاب کیا ہے۔
سی پی او محبوب رشید میاں نے کہا کہ تمام چرچز میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے، کرسمس کے موقع پر مذہبی تقریبات کے لئے پر امن ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرسمس کی تقریبات میں کرونا ایس او پیز کا خیال رکھا جائے۔
ایم ڈی فجرالاسلام ڈوگر نے کہا کرسمس کے موقع پر شہر کے تمام چرچز اور مسیحی کالونیوں کی بھر پور صفائی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔











