پارہ چنارمیں کرسمس تقریبات جاری،سینٹ تھامس چرچ میں منعقدہ تقریب میں کرسمس کیک کاٹا گیا

149

پشاور، 25دسمبر(اے پی پی): قبائلی ضلع پارہ چنار میں کرسمس تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، کرسمس کی سب سے بڑی تقریب پاراچنار کے سینٹ تھامس چرچ میں منعقد ہوئی جس میں عیسائی برادری خصوصی سروس اور دعائیہ تقریبات میں شریک ہوئی ۔

کرسمس تقریبات میں پاک فوج 8 بلوچ کے کمانڈنگ آفیسر کرنل جاوید الیاس ، ایم این اے ساجد طوری ، علماء ، سیاسی و سماجی شخصیات اور کثیر تعداد میں قبائلی عمائدین ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی جبکہ  کرسمس کا کیک بھی  کاٹا گیا۔

 اس موقع پر اپنے خطاب میں ایم این اے ساجد طوری نے کہا کہ عیسائی برادری کے لوگ ہمارے بھائی ہیں اور ان کی خوشی ہماری خوشی ہے اور کرسمس کی خوشیوں میں ہم برابر کے شریک ہیں۔

 پادری ریاض مسیح اور پادری دلدار مسیح نے کرسمس تقریبات میں شرکت پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کرسمس تقریبات کا مقصد دنیا میں امن کا پیغام پہنچانا ہے اور وہ پاراچنار سے دنیا کو ان تقریبات کے ذریعے امن کا پیغام دینا چاہتے ہیں۔

 کرسمس تقریبات کے موقع پر ملک و قوم کی سلامتی ترقی ، بقا اور امن و امان کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

اے پی پی /صامہ حیات /قرۃالعین