لاہور۔27دسمبر (اے پی پی )وزارت عظمیٰ کسی لاڈلے یا لاڈلی کی انٹرن شپ نہیں ہو سکتی۔ مریم نواز نے کبھی اپنے گھر کا کچن نہیں چلایا وہ نیوکلیئر ملک کی وزیر اعظم بننا چاہتی ہے۔بلاول بھٹو کو سندھ حکومت کے خلاف لانگ مارچ کرنا چاہئے۔نواز شریف اپنے محسنوں کو بھول کر اسرائیل ‘ انڈیا لابی کا حصہ بن گئے ہیں ‘اجمل قادری نے اسرائیل سے ان کے تعلقات کا کچا چٹھا کھول دیا ہے‘فضل الرحمان کے خلاف ان کی اپنی پارٹی میں اختلافات ہیں۔ مہنگائی کی وجہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی ہیں۔ حکومت سے مذاکرات کیلئے اپوزیشن کی سنجیدہ لیڈر شپ آگے آئے‘ ہمارا نعرہ ہے ”پاکستان کو عزت دو“ اپوزیشن کی تحریک عملی طور پر ختم ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اتوار کے روز یہاں پی سی ایس آئی آر لیبارٹریز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک چلانا بچوں کا کھیل نہیں ہے‘ مریم نواز وزیر اعظم بننے کے خواب دیکھ رہی ہے، ابو نے کہا کہ میں باہر بیٹھ کر پیزا کھا رہا ہوں آپ ملک سنبھالےں ‘ ایسا نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیاءکے ایک پیچیدہ ریجن میں واقع ہے ۔ پاکستان اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت ہے مریم نواز کی خواہش اور جرات دیکھےں وہ پاکستان کی وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھ رہی ہے ۔ فواد چوہدری نے سندھ حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو سندھ حکومت کے خلاف لانگ مارچ کرنا چاہئے کیونکہ 2سال میں 16سو ارب روپے وفاق سے سندھ حکومت کو منتقل ہوئے ‘ سندھ کے عوام صاف پانی ‘ تعلیم اور صحت کی سہولتوں سے محروم ہیں ۔ پولیس کہیں نظر نہیں آرہی سندھ حکومت سے پیسوں کا حساب لینا بلاول کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو مراد علی شاہ کے خلاف لانگ مارچ کرے تو پی ٹی آئی مارچ کا حصہ بننے کو تیار ہے۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جتنی رعایتیں پاکستان میں شریف خاندان کو دی گئیں کسی اور کو نہیں ملیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ واحد خاندان ہے جسے قومیائے گئے کاروبار سود سمیت واپس ملے نوازشریف وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم بنے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ اس وقت ہوا جب بھارت اور اسرائیل کی لابی نے نواز شریف کو قابو کر لیا اور وہ اپنے محسنوں کو بھول کر اسرائیل اور انڈیا کی لابی کا حصہ بن گئے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نواز شریف کو والدہ کے انتقال پر خط لکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجمل قادری نے اسرائیل سے ان کے تعلقات کا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیا ہے‘فضل الرحمان کے خلاف ان کی اپنی پارٹی میں اختلافات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں اور ان کی دشمنوں سے محبتیں ختم نہیں ہو رہی ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ مہنگائی کی ذمہ دار (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں جماعتوں نے چینی میں جتنا منافع کمایا ہے وہ واپس کر دیں ‘ بجلی کے سب سے مہنگے منصوبے ان کے دور میں لگے ‘ جنکی سزا آج عوام مہنگی بجلی کی صورت میں بھگت رہے ہیں ۔مریم نواز کی بس یہی خواہش ہے کہ میرے ابو کے کیس ختم کریں اور انہیں سیاست میں آنے دیں ۔ انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل گارڈ کے طور پر مریم نوازکے پیچھے نظر آتے ہیں جبکہ شاہد خاقان عباسی بھی ہاتھ باندھ کر کھڑے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان پرجلسے کے بعد لاہور کے لوگوں نے مریم نواز کی سیاست کو مسترد کر دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان قومی ایشوز پر اپوزیشن سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں جس کیلئے بہترین فورم پارلیمنٹ ہے ۔ اپوزیشن کی سنجیدہ لیڈر شپ اس مقصد کیلئے ایک قدم آگے بڑھائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا نعرہ ہے کہ پاکستان کو عزت دو۔ اپوزیشن اگر عوام سے مخلص ہے تو وہ ہمارے ساتھ اس ایجنڈے پر کام کرے ۔ ایک سوال کے جواب وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی اپنی جماعت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ‘ حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ مولانا اپنے بیٹے اور بھائیوں کو پارٹی سونپنا چاہتے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے شہباز شریف کو ہم نے قید میں نہیں رکھا بلکہ وہ اپنی ضمانت منسوخ ہونے پر جیل گئے ۔ انہوں نے کہا کہ محمد علی درانی حکومت کے کہنے پر شہباز شریف سے ملاقات کیلئے نہیں گئے۔محمد علی درانی کی یہ بات کہ ڈائیلاگ ہونے چاہئے تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عمران خان کے ہم پلہ کوئی لیڈر نہیں ہے حتمی بات ان ہی کی طرف سے ہونی ہے ۔ کورونا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وبا کی پہلی لہر کے خلاف کامیابی حاصل کی جسے عالمی سطح پر سراہا گیا۔ اب وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں دوسری لہر کے خلاف بھی کامیابی حاصل کریں گے۔











