ملتان کی چالیس سالہ بوسیدہ سیوریج لائن ہماری حکومت تبدیل کررہی ہے؛پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی

94

ملتان،02جنوری(اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری  محمد ندیم قریشی نے کہا کہ شہر کی چالیس سالا پرانی سیوریج لائن ہماری حکومت تبدیل کررہی ہے،شہر کی سیوریج لائن بوسیدہ ہونے کی وجہ سے عوام کو دشواری کا سامنا تھا۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات وثقافت پنجاب محمد ندیم قریشی اور منیجنگ ڈائریکٹر واساناصر اقبال نے  یونین کونسل نمبر 30 کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائن کی تبدیلی کے منصوبوں کے حوالے سے پل سوتری وٹ،پل شوالہ،فریدآباد کا دورہ کیا۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات وثقافت پنجاب محمد ندیم قریشی نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ملتان  شہر کی سیوریج درست کی جائے،ماسٹر پلان کے تحت اس مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس حلقہ اور یونین کونسل کی سیوریج لائن مکمل درست کی جائے گی تاکہ اگلے پچاس سال تک عوام کو پرہشانی سے چھٹکارہ مل سکے،اس مسئلہ کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیاجائےگا۔

 منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصراقبال نے اس  موقع پر سیوریج اور واٹر سپلائی کے افسران کو بھی طلب کر لیا۔ اس دوران انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نئی سیوریج لائن ڈالنے کے ساتھ ساتھ  معائنہ کے دوران انہوں نے فراہمی و نکاسی آب کے مسائل کا نوٹس بھی لیا ہے۔

اس موقع پر انہوں نےکام کی رفتار کو تیز کرنے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور ملحقہ علاقوں کو فوری ریلیف  دینے کا حکم دیا ہے۔انہوں نے کنٹریکٹر کو روزانہ کی بنیاد پر زیادہ سے زیادہ پائپ  نصب کرنے اور پائپ لگنے والے مقامات پر کنکشن آپریشنل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اس موقع پر اقبال عاربی،شیخ ندیم،ملک حشمت کھوکھر، رانا اسلم،قاری عبدالرؤف،ساجد اقبال شجرا  رانامنیر،شاہداقبال دانش خان،راناسلیم، راناندیم احمد،عثمان رسول اور عارف خان خاکوانی ہمراہ تھے۔